وزیراعلیٰ پنجاب کون، پرویزالہٰی یا حمزہ شہباز، فیصلہ آج
لاہور(جے ٹی این پی کے ) وزیراعلیٰ پنجاب کون
پنجاب کے نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا آج انتخاب
ہوگا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس گذشتہ روز تین گھنٹے52 منٹ کی تاخیر سے
سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں تلاوت اور
نعت کے بعد سپیکر نے سیکرٹری محمد اسمبلی محمد خان بھٹی کو پینل آف
چیئرمین کا اعلان کرنے کا حکم دیا۔ اعلان کے مطابق اراکین اسمبلی میاں شفیع
محمد نوابزادہ وسیم خان بادوزئی، عبداللہ وڑائچ اور شازیہ عابد پینل آف چیئرمین
موجودہ اجلاس کے لئے ہوں گے۔ جس کے بعد سپیکر کی ہدایت پر وزیر اعلی
کے انتخاب کیلئے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھئی نے شیڈول جاری کیا۔ شیڈول
کے مطابق قائس ایوان کا انتخاب آج تین اپریل بروز اتوار صبح ساڑھے 11بجے
ہو گا-
چوہدری پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی منظور
پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)
کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ
شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، دونوں میں پنجاب کی
وزارت اعلیٰ کے لئے آج بروز اتوار ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔ چوہدری پرویز الٰہی
کی جانب سے محمو دالرشید، راجہ بشارت، چوہدری ظہیر الدین، میاں اسلم اقبال،
مراد راس او ر دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار
حمزہ شہباز نے حسن مرتضیٰ، منشا اللہ بٹ، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو
اور خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ جو
سکروٹنی کے عمل کے بعد منظور کر لئے گئے۔
عثمان بزدار کی آمد پر ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل
اس سے قبل دوران اجلاس عثمان بزدار کی ایوان میں آمد پر ایوان مچھلی منڈی
کا منظر پیش کرنے لگا اور حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے
خلاف شدید نعرے بازی کی۔عثمان بزدار کی آمد پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین
اسمبلی نے الوداع الوداع، بزدار الوداع ،اور اپنی قیادت کے لئے شیر شیر کے
نعرے لگائے جبکہ اس دوران حکومتی بنچوں کی جانب سے شیم شیم ، گیدڑ
گیدڑ اور چیری بلاسم کے نعرے لگائے جاتے رہے۔۔ قائد ایوان کا انتخاب شو
آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا جس کے لئے ایوان کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائیگا۔
سپیکر کے اختیارات ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد کو تفویض
وزیراعلیٰ کیلئے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے ووٹرز سیدھے ہاتھ کی لابی
میں بار ی باری جائیں گے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کے
ووٹرز بائیں جانب لابی میں جائیں گے۔ کم از کم 186 ووٹ حاصل کرنے والا
امیدوار قائد ایوان منتخب ہو گا۔ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ کا
امیدوار ہونے کی وجہ سے اپنے تمام اختیارات ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد
مزاری کو تفویض کر دئیے جو آج وزیراعلیٰ کے انتخابات کے لئے ہونے والے
اجلاس کی صدارت کریں گے۔
علیم خان، ترین گروپ حمزہ کے حمایتی
دوسری طرف پنجاب میں بھی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا،علیم خان نے اپنے 9
ارکان سمیت وزارت اعلیٰ پنجاب کے لیے اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز
کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز کی
علیم خان سے ملاقات کے موقع پر کیا، جہانگیر خان ترین گروپ نے بھی وزارت
اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا، جہانگیر ترین
گروپ کے اراکین نے کہا کوئی ڈیل ہوئی، نہ کسی رکن نے اپنے لئے کوئی عہدہ
مانگا ہے، ہم صرف کرپشن کا خاتمہ اور صوبے کی ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں۔
حمزہ کی علیم خان اور جہانگیر ترین گروپوں سے ملاقاتیں
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے وفد کے ہمراہ ملک نعمان
لنگڑیال کی رہائشگاہ پر ترین گروپ کے اراکین سے ملاقات کر کے تعاون کی
درخواست کی تھی جس پر گروپ کے تمام اراکین نے انہیں اپنی بھرپور حمایت
کا یقین دلاتے ہوئے ووٹ دینے کا اعلان کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا میں جہانگیر ترین اور ان کے گروپ اراکین کا
شکر گزار ہوں،اور ساتھ ہی جہانگیر ترین کی مکمل صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں-
ہمارا عزم پاکستان کو خوشحال بنانا ہے ، حمزہ شہباز
انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم پاکستان کو خوشحال بنائیں گے اور پاکستان
کو اسی ترقی کی ڈگر پر ڈالیں گے جہاں پر نواز شریف او رشہباز شریف چھوڑ
کر گئے تھے۔ متحدہ اپوزیشن اور جہانگیر ترین گروپ مل کر عوام کی امنگوں
کے مطابق عوام کی خوشحالی کو ترجیح دیں گے، ہم حکومت میں آنے کے بعد
بدترین انتقام نہیں لیں گے بلکہ عوام اور پاکستان کی خدمت کریں گے-
نمبرز پورے ہی نہیں توقع سے زیادہ ہیں ، حمزہ شہباز
حمزہ شہباز نے کہا ہمارا ہوم ورک اور نمبرز پورے ہیں، اللہ کی ذات سے بڑی
امید ہے لوگوں کے ذہن میں جتنے نمبرز ہیں متحدہ اپوزیشن اس سے کہیں زیادہ
آگے جائے گی، ہمارے لانگ مارچ اور جدوجہد کا مقصد عہدے نہیں بلکہ چار
سال سے دھوکے، فراڈ اور مہنگائی کا شکار ہونے والے عوام کو ریلیف دینا ہے،
پنجاب اسمبلی میں صحافیوں پر پابندی غیر مناسب ہے۔ متحدہ اپوزیشن، پی ٹی آئی
کے لوگ مل کر ظالموں کا محاسبہ کریں گے،
والد کی کامیابی کیلئے چوہدری مونس الہٰہی بھی متحرک
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی بھی پنجاب
کی وزارت اعلیٰ کے لئے امیدوار اپنے والد چوہدری پرویز الٰہی کیلئے اراکین
اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لئے متحرک رہے۔ مونس الٰہی اور حسین
الٰہی جہانگیر ترین گروپ کے رفاقت گیلانی، عبد الحی دستی اور امیر محمد خان
کے ہمراہ پنجاب اسمبلی آئے اور ان کی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کرائی۔
قارئین ===> ہماری کاوش اچھی لگے تو شیئر، اپ ڈیٹ رہنے کیلئے (== فالو == ) کریں،
مزید بہتری کیلئے اپنی قیمتی آرا سے بھی ضرور نوازیں،شکریہ
جتن نیوز اردو انتظامیہ
وزیراعلیٰ پنجاب کون ، وزیراعلیٰ پنجاب کون ، وزیراعلیٰ پنجاب کون ، وزیراعلیٰ پنجاب کون