معروف اداکار طارق ٹیڈی سبزہ زارکے قبرستان میں سپرد خاک
لاہور(جے ٹی این پی کے) معروف اداکار طارق ٹیڈی سپرد خاک
فلم،ٹی وی اور تھیٹر کے معروف اداکار طارق محمود المعروف طارق ٹیڈی طویل علالت کے بعد 48 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔
مرحوم کافی عرصہ سے جگر اور سانس کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ وہ گزشتہ 20 روز سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج تھے۔
طارق ٹیڈی کی نماز جنازہ سبزہ زار قبرستان میں ادا کی گئی جس میں فنکاروں اور عزیز اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں شریک ہونے والوں میں سہیل احمد،قیصر پیا ،طاہر نوشاد،سخی سرور،افتخار ٹھاکر،ارشد چوہدری،قیصر ثناء اللہ خان، ٹھاکر لاہور،علی رضا شیرازی، افضل بٹ، علی گیلانی،خضر عباس ،آصف اقبال سمیت دیگر کے نام نمایاں ہیں۔
تھیٹر کی دنیا میں منفرد پہچان رکھنے والے طارق ٹیڈی اپنے دکھوں کو چھپا کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے بکھیرتے والے طارق ٹیڈی سب کو روتا چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق طارق ٹیڈی کو گزشتہ دنوں ایک اسٹیج ڈرامے کے دوران طبیعت خراب ہونے پر نجی ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
جہاں وہ کچھ روز زیر علاج رہے جس کے بعد انہیں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا تھا ۔
ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طارق ٹیڈی کا جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور ان کے گردے بھی متاثر ہوئے تھے۔
اور وہ گزشتہ روز اپنے لاکھوں پرستاروں کو چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی جانب سے طارق ٹیڈی کا سرکاری
سطح پر مفت علاج معالجہ کرایا جارہا تھا۔
جبکہ ان کے اہل خانہ کے لئے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی بھجوایا گیا تھا ۔
طارق ٹیڈی کی زندگی پر ایک نظر
قہقوں کے بادشاہ کے نام سے پہچان رکھنے والے طارق ٹیڈی 1974میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے،
1990سے انہوں نے اپنے آبائی شہر سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور بعد ازاں لاہور منتقل ہوگئے،
مرحوم نے ہمیشہ برجستہ جملوں کی ادائیگی کے ساتھ چہرے کے تاثرات کا
ایسا استعمال کیا کہ جس نے بھی ان کی پرفارمنس کو دیکھا ہنستا ہی رہ گیا۔
طارق ٹیڈی نے اپنے کیرئیر کے دوران سینکڑوں سٹیج ڈراموں میں لازوال کامیڈی کی،
ان کے یادگار سٹیج ڈراموں ماما پاکستانی،سب سے بڑا روپیہ، جی کردا،عید دو چن، اور دوستی شامل ہیں۔
مرحوم نے ہسپتال داخل ہونے سے قبل آخری بار الفلاح تھیٹر میں پیش کئے جانے والے ڈرامے میں پرفارم کیا وہ گزشتہ کئی سال سے الفلاح تھیٹر سے ہی وابستہ تھے۔
طارق ٹیڈی نے 2004 میں شہزاد رفیق کی شہرہ آفاق فلم سلاخیں میں بھی اپنی اداکاری اور فن کے جوہر دکھائے،
طارق ٹیڈی نے کئی برس تک لوگوں کو ہنسانے کا کام بخوبی انجام دیا ،
لیکن اپنے غموں تکلیفوں کو دل میں ہی پالتے رہے،
اور جگر اور سانس کے عارضے کے باعث خالق حقیقی سے جاملے،
طارق ٹیڈی نے پسماندگان میں بیوہ ایک بیٹا جنید اور دو بیٹیاں صفا اور مروا کو چھوڑا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا دلی رنج و غم کا اظہار
طارق ٹیڈی کے انتقال پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مرحوم لاجواب فنکار تھے اللہ تعالیٰ ان کو پسماندگان کو
صبر جمیل اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے لئے 30لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں طارق ٹیڈی
کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
پنجاب حکومت سوگوار اہلخانہ کے غم میں برابر شریک ہے۔
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے طارق ٹیڈی کیلئے علاج کے اخراجات اٹھانے کے احکامات جاری کئے تھے۔
معروف اداکار طارق ٹیڈی سپرد خاک
قارئین ===> ہماری کاوش اچھی لگے تو شیئر، اپ ڈیٹ رہنے کیلئے (== فالو == ) کریں،
رابی پیرزاد کا تما م جنگلی جانوروں پر باآسانی قابو سکنے کی عطا ء کا دعویٰ