قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد (جے ٹی این پی کے) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس (آج) جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا.
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا امکان ہے.
جبکہ اہم اجلاس میں سب سے پہلے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس ہو گا ،
پارلیمانی روایات کے مطابق رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے بعد پہلے روز اجلاس تعزیتی ریفرنس کے بعد کوئی اور ایجنڈا لئے بغیر ملتوی کر دیا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی کے (آج)جمعہ کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے.
جس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
ایجنڈے میں کہا گیا کہ ایوان کی رائے ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں.
اپوزیشن کی قرارداد ہے کہ وزیر اعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیاجائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا تھا.
تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا تھا
جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت 11بجے ہو گا۔
قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس