اسلام آبادپاکستانتازہ ترین

تحریک عدم اعتماد مسترد، قومی اسمبلی تحلیل، اپوزیشن کا احتجاج

Facebooktwitterpinterestlinkedinrssyoutubetumblrinstagramby feather

اسلام آباد (جے ٹی این پی کے) تحریک عدم اعتماد مسترد

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی سپیکر اسمبلی قاسم سوری نے
وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دیکر
مسترد کر تے ہوئے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا، ڈپٹی سپیکر نے
اپنی رولنگ دیتے ہوئے کہا عدم اعتماد کی قرارداد آئین، قومی خود مختاری اور
آزادی کے منافی ہے، رولز اور ضابطے کیخلاف میں یہ قرارداد مسترد کرنے
کی رولنگ دیتا ہوں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 54 کی
شق 3 کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے جمعہ 25
مار چ 2022 کو طلب کردہ اجلاس کو غیر معینہ مدت تک برخاست کرتا ہوں،
جس پر اپوزیشن کا شدید شور شرابا، ہنگامہ آرائی اور احتجاج شروع کردیا ،
ایوان میں شدید نعرے بازی کی۔

وفاقی وزیر قانون کی سفارش پر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ

اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے ممبران نے بھر پور شرکت کی، تاہم
پی ٹی آئی کے منحرف ارکان لابی میں بیٹھے رہے، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری
خان نے اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی وفاقی وزیر قانون واطلاعات
و نشریات فواد چوہدری کو مائیک پر بولنے کی اجازت دی، اس دوران کچھ
اپوزیشن ارکان نے احتجاج کی کوشش کی لیکن پھر اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت کوئی بھی بڑا رہنما فواد چوہدری کو مائیک
دیئے جانے پر اعتراض کیلئے نہیں اٹھا، وفاقی وزیر قانون نے کہا تحریک
عدم اعتماد آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت ہے جبکہ اسی آئین کا ایک آرٹیکل
5 اے بھی موجود ہے جسے دیکھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے وضاحت
کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد 8 مارچ
کو پیش ہوتی ہے جبکہ ہمیں بیرونی دھمکی کا مراسلہ 7 مارچ کو ملتا ہے،
دونوں کے تانے بانے ملتے تھے،اسلئے اگلے ہی روز تحریک عدم اعتماد
پیش کردی گئی۔

کیا ہم غلام ہیں؟ کیا ہم کٹھ پتلیاں ہیں؟ ، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا 7 مارچ تک تحریک عدم اعتماد کا کوئی وجود نہیں تھا،
ہمارے سفیر نے ہمیں مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا ایک ملک میں ایک میٹنگ
ہوئی جس میں پاکستان کے سیاسی معاملات زیر غور آئے ہیں اور کہا گیا عدم
اعتماد کی کامیابی ضروری ہے، ایک بیرونی حکومت کے دباؤ پر پاکستان میں
حکومت تبدیل کرنا سازش ہے اور ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ فواد
چوہدری نے کہا عجیب بات ہے اس دوران اچانک بعض اتحادیوں اور 22 منحرفین
کا ضمیر جاگ جاتا ہے، انہوں نے سوال کیا کیا ہم غلام ہیں؟ کیا ہم کٹھ پتلیاں ہیں؟
کیا کوئی ملک پاکستان کی حکومت تبدیل کر سکتا ہے؟، کیا ہم اتنے ہی مجبور اور
لاچار ہیں؟ اور کیا ہم بقول اپوزیشن لیڈر بھکاری ہیں؟۔ عمران خان کی حکومت
کیخلاف بیرونی سازش ثابت ہو چکی ہے، لہٰذا ہم سپیکر سے درخواست کرتے ہیں
وہ آئین کے آرٹیکل 5 اے کے تحت اسے مسترد اور عالمی سازش کو ناکام بنا دیں۔

ڈپٹی سپیکر کی روکنگ پر اپوزیشن کا شدید احتجاج

وزیر قانون کے اس بیان کے فوراً بعد ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اپنی رولنگ
پڑھنا شروع کر دی جس پر اپوزیشن بنچز کے تمام ارکان احتجاجاً کھڑے ہو گئے
اور شور شرابا شروع کر دیا لیکن ڈپٹی سپیکر تیزی سے اپنی رولنگ دیتے گئے
اور بعد ازاں ایوان زیریں کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ اجلاس
جیسے ہی ملتوی ہوا تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی خوشی میں سپیکر ڈائس کے
قریب جمع ہو گئے اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے سامنے نعرے بازی شروع
کر دی، انہوں نے عمران خان کے حق میں خوب نعرے بازی کی تاہم اپوزیشن رہنما
اور ارکان خاموشی سے بیٹھے رہے اور کسی قسم کی تکراریا جھگڑا نہیں کیا۔
اجلاس ملتوی ہونے کے بعد 20 منٹ تک تمام اپوزیشن قائدین اور ارکان اندر موجود
رہے اور مشاورت کرتے رہے-

سپیکر کی تحریک عدم اعتماد مسترد کرنیکی رولنگ کی توثیق

بعد ازاں سپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی رولنگ کی
توثیق کر دی۔ فرخ حبیب نے صدیق کرتے ہوئے بتایا ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے
تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے سے متعلق تفصیلی رولنگ جاری کر دی ہے۔ اس
سے قبل متحدہ اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف بھی تحریک
عدم اعتماد جمع کرا دی۔ سپیکر اسد قیصر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر 100
سے زائد ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف
تحریک ایاز صادق، خورشید شاہ، نوید قمر اور شاہدہ اختر علی نے جمع کرائی۔

وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی

ڈپٹی سپیکر کی طرف سے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کئے
جانے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی
تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔ ایوانِ زیریں کا اجلاس ختم ہونے کے فوراً
بعد وزیراعظم نے قوم سے مختصر خطاب کیا اور اعلان کیا اسمبلی تحلیل کرنے
کی تجویز صدر مملکت کو بھجوادی، جس کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے
منظوری دیدی ہے۔

اپوزیشن کا ایوان میں دھرنا، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد منظور

قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد اپوزیشن نے ایوان میں دھرنا دیدیا اور
سردار ایاز صادق کو سپیکر کی کرسی پر بٹھا کر اپنا اجلاس منعقد کیا، 197
ارکان کی حمایت کیساتھ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد
منظور کر لی، جبکہ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جو
تحریک پیش کی گئی وہ اپنے اقتدار کیلئے نہیں پاکستان کے عوام کے مطالبات
پر ہم نے تحریک پیش کی، جب 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تو
سپیکر 14دن میں اجلاس بلانے کے پابند تھے، ہم نے لانگ مارچ او آئی سی
کانفرنس کی وجہ سے موخر کر دیا تھا، مہنگائی آج بلند ترین سطح ، غربت اور
بیروزگاری اپنی انتہاء پر ہے، مسلم لیگ (ن) کے رکن مرتضیٰ جاوید عباسی نے
کہا تحریک کو آئینی طور پر ڈسپوز آف کرنے کے بجائے ڈپٹی سپیکر نے راہ فرار
اختیار کی، اس کی ایوان مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے حق میں 195 ارکان نے ووٹ دیا

سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد
پر ووٹنگ کرائی، قرارداد کے حق میں 195 ارکان نے ووٹ دیا جس کے بعد
سردار ایاز صادق نے دوبارہ ووٹنگ کیلئے قرارداد کی حمایت کرنیوالوں کو
لابی میں جانے کی کہا، بعد ازاں انہوں نے رائے شماری کے نتیجے کا اعلان
کرتے ہوئے کہا 197 ارکان نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا، ایاز صادق نے
اجلاس نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے 6 اپریل تک ملتوی کر دیا۔

عدالت عظمیٰ کا ازخود نوٹس احسن اقدام، متحدہ اپوزیشن

دریں اثنا متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا عمران نیازی نے ملک و
آئین کیخلاف کھلی بغاوت کی ہے جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے،
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا اقدام
قابل تحسین ہے، امید ہے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ آئین کیساتھ کھڑی ہو گی، آئین
شکنی کے اقدامات سے پیدا ہونیوالے بحران پر ایک منصفانہ، عادلانہ اور دستور
کی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائےگی، آئین شکنی اور قومی اسمبلی کے اجلاس
میں تحریک عدم اعتماد پرغیر قانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت
عدالت عظمی کا فل کورٹ سنے۔ سپیکر سمیت تمام حکومتی ٹولے کے غیرآئینی
وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انہیں آئین شکن
قرار دیتے ہیں۔ آئین، عوام اور جمہوریت کا ساتھ دینے والے تمام باضمیر اور
آئین وعوام دوست ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

قارئین ===> ہماری کاوش اچھی لگے تو شیئر، اپ ڈیٹ رہنے کیلئے (== فالو == ) کریں،
مزید بہتری کیلئے اپنی قیمتی آرا سے بھی ضرور نوازیں،شکریہ
جتن نیوز اردو انتظامیہ

تحریک عدم اعتماد مسترد ، تحریک عدم اعتماد مسترد ، تحریک عدم اعتماد مسترد ، تحریک عدم اعتماد مسترد

= پڑھیں = عمران خان اب پاکستان کے وزیراعظم نہیں رہے نوٹیفکیشن جاری

About Author

Facebooktwitterpinterestlinkedinrssyoutubetumblrinstagramby feather
Facebooktwitterredditpinterestlinkedintumblrmailby feather

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے